• news

کسی سے اتحاد نہیں ، پنجاب کے ہر حلقے سے الیکشن لڑیں گے : رانا ثنا 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔ وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ کسی سے انتخابی اتحاد نہیں ہوگا۔ محدود پیمانے پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو سکتی ہے۔ پنجاب کے ہر حلقے سے الیکشن لڑیںگے۔ گزشتہ روز اپنی زیرصدارت ہونے والے (ن) لیگ پنجاب کے اجلاس کے بعد مسلم لیگ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ آج سے مسلم لیگ (ن) پنجاب بھر میں انتخابی مہم کا آغاز کر رہی ہے۔ ہر حلقے میں (ن) لیگ کا امیدوار موجود ہوگا۔ صوبائی کے 297 اور قومی اسمبلی کے 146 تمام حلقوں میں (ن) لیگی امیدوار میدان میں اتریں گے۔ لیگی رہنما نے کہا کہ اس وقت پارٹی یو سی لیول تک منظم ہے۔ شیر کا نشان ہر حلقے میں موجود ہوگا۔ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے۔ (ن) لیگ نے پاکستان کو ہر بحران سے نکالا۔ 1998ءمیں ملک کو ناقابل تسخیر بنایا گیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ سازش کے تحت جماعت کو اور نوازشریف کو سزا دی گئی۔ پھر ایک فتنے نے ملک کی سیاست کو تقسیم کیا۔ وعدہ کرتے ہیں اس الیکشن میں کامیابی کے بعد ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ غریب آدمی کی زندگی مشکل ہو چکی ہے۔ ہم آسان کریں گے۔ ہم اس ملک میں رواداری کو فروغ دیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں اس وقت ملک بحرانی کیفیت میں ہے۔ آئی ایم ایف سے معاہدہ کوئی چھوٹی بات نہیں۔ ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی تفتیش آگے بڑھ رہی ہے۔ شرپسند جتھے کے خلاف ملکی قانون کے تحت کارروائی کی جانی چاہئے۔ رونا دھونا چھوڑیں اور آئیں انتخابی میدان میں مقابلہ کریں۔ کسی جماعت کو الیکشن سے باہر رکھنا کوئی انوکھی بات نہیں۔ 2018ء میں ایک بڑی پارٹی کو الیکشن سے باہر رکھا گیا تھا۔ کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد کسی جماعت کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی گئی۔ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو صرف اس لئے نہیں چھوڑا جا سکتا کہ انہوں نے الیکشن لڑنا ہے۔ وہ کہتا تھا مر جاﺅں گا‘ ڈائیلاگ نہیں کروں گا۔ اس سے ڈائیلاگ نہیں ہو سکتا۔ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ بھی لازمی کٹہرے میں لائے جائیںگے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ آئی ایم ایف پر قاسم کے ابوکی باتوں کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ ہم پہلے الیکشن لڑیں پھر سازش کرنے والوںکے خلاف کارروائی کریں گے۔ قاسم کے ابو کسی عدالت میں پیش نہیں ہورہے۔ قبل ازیں وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) پنجاب کا تنظیمی اجلاس ہوا۔ پارٹی تنظیموں کے حلقوں کے امیدواروں کی لسٹیں طلب کر لی گئیں۔ تمام حلقوں میں امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوازشریف کے استقبال کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن