اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4‘ سونا 6500 روپے تولہ مہنگا
کراچی (کامرس رپورٹر) جمعہ کے روز انٹر بنک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلہ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا۔ انٹر بنک میں ڈالر 277 روپے کی سطح سے بڑھ گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں 284 روپے کی سطح پر آگیا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق انٹر بینک میں گزشتہ روز ڈالر کی قدر 1.13 روپے اضافہ سے 276.46 روپے سے بڑھ کر 277.59روپے ہوگئی۔ ایک موقع پر روپے کی قدر میں 46پیسے کا اضافہ بھی دیکھا گیا تھا تاہم بعد ازاں روپیہ کمزور پڑ گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 4 روپے اضافے سے 284 روپے کی سطح پر آگئی۔ دریں اثنا عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1959ڈالرز فی اونس کی سطح پر مستحکم ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں استحکام کے باوجود مقامی سطح پر سونے کی قیمت 6500روپے تولہ اضافہ سے 2 لاکھ 14ہزار 500روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 5574روپے اضافہ سے 1لاکھ 83ہزار 900روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 50روپے اضافہ سے 2650روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔
ڈالر/ سونا