چیئرمین ایف بی آر کی کھلی کچہری ،ٹیکس دہندگان سے براہ راست ٹیلی فون کالز وصول کیں
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کیلئے ایف بی آر کی جاری کوششوں کے سلسلے میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو عاصم احمد نے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں ایک اور ای کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔جس میں انہوں نے ٹیکس دہندگان سے براہ راست ٹیلی فون کالز وصول کیں اور اْن کی شکایات اور سفارشات سنیں۔ای کھلی کچہری ٹیکس دہندگان کو ٹیکس سے متعلق اپنے مسائل کے حل کے لئے چیئرمین ایف بی آر سے براہ راست بات چیت کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے جس سے ملک میں ٹیکس ادا کرنے کے کلچر کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کے لئے متعلقہ دفاتر کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔اْنہوں نے ٹیکس دہندگان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے قریبی علاقائی ٹیکس دفتر اور کلکٹریٹ آف کسٹمز کا دورہ کریں تاکہ ان کے ٹیکس سے متعلق مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔چیئر مین ایف بی آر نے ٹیکس سے متعلق خدمات کو بہتر بنانے کے لئے بعض ٹیکس دہندگان کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز کو بھی سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی قابل قدر تجاویز پر غور کیا جائے گا۔اْنہوں نے تمام ٹیکس دہندگان کو آسانیاں فرام کرنے اور قومی معیشت کی بہتری کے لئے مزید محصولات پیدا کرنے کے لئے ٹیکس کے طریقہ کار اور خدمات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایف بی آر ملک بھر میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لئے مختلف اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اْنہوں نے ٹیکس ادا کرنے کی صلاحیت رکھنے والوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے بروقت جمع کرا کے اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔چیئرمین ایف بی آر کی طرف سے ای کھلی کچہری کا باقاعدگی سے انعقاد ٹیکس دہندگان کو براہ راست چیئرمین تک اپنے تحفظات اور تجاویز پہنچانے کا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔ اس سے فیلڈ فارمیشنزکی کارکردگی پر بھی نظر رکھنے میں مدد ملتی ہے۔چیئرمین ایف بی آر پہلے ہی ٹیکس دہندگان کے تحفظات بروقت دور کرنے کے لئے فیلڈ فارمیشنزکو ہدایات جاری کر چکے ہیں۔