سستی گاڑی خریدنے کچے کے علاقے میں گئے 2 مغوی بازیاب
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) پولیس نے سستی گاڑی خریدنے کچے کے علاقے میں گئے دو مغوی شہریوں کو بازیاب کروا لیا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے بازیاب مغویوں سے ملاقات کی اور انہیں بحفاظت بازیابی پر مبارکباد دی۔ دونوں شہری گوجرخان کے رہائشی اور آپس میں دوست ہیں۔ حافظ احسان اور نزاکت علی گاڑیوں کی خریدوفروخت کا کام کرتے ہیں۔ شہری ایک ماہ قبل سوشل میڈیا پر سستی گاڑی کا اشتہار دیکھ کر کچے کے علاقے میں پہنچے تھے۔ اغواکار شہریوں کو محبوس رکھ کر لواحقین سے دوکروڑ روپے‘ آئی فونز‘ مہنگی گھڑیوں کا مطالبہ کرتے رہے۔ لواحقین کی جانب سے معاملہ کی اطلاع پر راولپنڈی پولیس اور سندھ پولیس کے کوآرڈینیشن سے مغویوں کو بازیاب کروا لیا گیا۔