عامر میر کا پاک ایران ہیریٹیج ایکسچینج پروگرام کا افتتاح ،ایرانی قونصل جنرل کی شرکت
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و سیاحت عامر میر نے ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے زیر اہتمام الحمراءآرٹس کونسل لاہور میں پاک ایران ہیریٹیج ایکسچینج پروگرام کا افتتاح کیا۔ پروگرام میں ایرانی قونصل جنرل مہران موحدفر نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ پاک ایران تعلقات بہتر بنانے کیلئے خصوصی نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔ پاک ایران ہیریٹیج فوٹو اینڈ لٹریچر فیسٹول میں شرکت کر کے بڑی خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ آج کی یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دے گی کیونکہ پاکستان اور ایران ناصرف مذہبی بلکہ ثقافتی رشتوں میں بھی بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان بائیکر گروپ کے دورہ ایران کی تاریخی جگہوں کی تصاویر ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ دونوں ممالک کے لوگوں کی کاوشیں نظر آ رہی ہیں اور بین الاقوامی تعلقات بہتر بنانے کیلئے لوگوں میں ہم اہنگی اور شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت پنجاب ٹورازم کے ذریعے پاکستان اور ایران کے مابین تجارتی تعلقات کی مضبوطی کی خواہاں ہے۔ صوبائی وزیر عامر میر نے ایرانی قونسل جنرل کے ہمراہ اسٹالز کا بھی دورہ کیا۔ سیکرٹری سیاحت، آرکیالوجی اور میوزیمز ڈیپارٹمنٹ آصف بلال لودھی کا کہنا تھا کہ ٹی ڈی سی پی نے ایرانی کونسلیٹ کے ساتھ مل کر ایک کامیاب نمائش کا میلہ سجایا ہے جو 2 روز تک جاری رہے گا۔