پرویز الہی کی رہائی کیلئے روبکار جاری ، نظر بند کردیا جائے ؛ پولیس
لاہور (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) منی لانڈرنگ کیس میں بنکنگ کورٹ نے پرویز الٰہی کے ضمانتی مچلکے منظور کر کے روبکار جاری کر دی۔ ایف آئی اے بنکنگ کورٹ میں ضمانتی مچلکے جمع کرائے گئے تھے جواب منظور کرنے کیلئے ضمانت مچلکے کی جانچ پڑتال کے بعد چودھری پرویز الٰہی کی روبکار جاری کر دی گئی۔ دوسری جانب سی سی پی او لاہور نے پرویز الٰہی کی نظر بندی کی سفارش کر دی۔ پولیس نے ڈپٹی کمشنر کے نام خط کے ذریعے نظر بندی کے احکامات جاری کرنے کی درخواست کی جس میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران بات سامنے آئی ہے کہ پرویز الٰہی نقص امن کا باعث بن سکتے ہیں۔ ادھر پرویز الٰہی کی رہائی کے معاملہ پر سپرنٹنڈنٹ جیل نے پرویز الٰہی کی رہائی سے معذرت کر لی۔
سپرنٹنڈنٹ جیل نے اینٹی کرپشن ٹیم کو بھی مطلع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پانچ بجے کے بعد جیل میں گنتی کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔ پانچ بجے کے بعد جو بھی روبکار جیل حکام کو موصول ہو گی اس پر رہائی نہیں ہو گی۔راسخ الہٰی کی جانب سے مچلکے دینے پر ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے اعتراض کیا تھا، پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کے بیٹے ہونے کی وجہ سے ضمانتی مچلکے جمع نہیں کرائے جا سکتے اور ضامن راسخ الہٰی بھی ایک مقدمے میں ملزم ہیں۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ کیا ایک ملزم دوسرے ملزم کی ضمانت دے سکتا ہے؟پرویز الہٰی کے وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے کا اعتراض نامناسب ہے کیوں کہ نواز شریف کی ضمانت شہباز شریف نے دی تھی جو اس وقت ملزم تھے۔عدالت نے کہا کہ کوئی قانونی رکاوٹ بتائیں،جیل حکام نے چوہدری پرویز الہٰی کی رہائی کی روبکار پر اعتراض عائد کر دیا تھا،جیل حکام نے استدعا کی تھی کہ عدالت کا مشروط حکم سمجھ نہیں آ رہا۔ وضاحت کی جائے۔
پرویز الٰہی، روبکار