بجلی کے بعد گیس مہنگی کرنے کی تیاریاں ، اضافہ ضرور ہوگا ، آئی ایم ایف کو لکھ کر دیا ہے : وزارت توانائی
اسلام آباد (خبر نگار‘نوائے وقت رپورٹ)بجلی کے بعدگیس کی قیمتوں میں بھی اضافے کی تیاریاں کر دی گئی ہیں۔ذرائع وزارت توانائی کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو بتا دیا ہے کہ گیس کی قیمتوں پر ورکنگ جاری ہے۔گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہر صورت ہوگا کیونکہ اس حوالے سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو لکھ کر دیا ہوا ہے، جائزہ لیا جا رہا ہے کہ کس سلیب کے صارفین کے لیےگیس مہنگی کی جائے۔ذرائع کے مطابق ماہانہ 300 مکعب میٹر اور اس سے اوپر والے گھریلو صارفین کے لیے گیس پہلے ہی بہت مہنگی ہے، کوشش کی جا رہی ہے کہ آخری تین مہنگے ترین گیس سلیب کو نہ چھیڑیں۔ذرائع وزارت توانائی کے مطابق اس وقت ماہانہ 300مکعب میٹر تک گیس کے استعمال پر فی ایم ایم بی ٹی یوقیمت 1100روپے ہے۔ماہانہ 400 مکعب میٹر استعمال تک فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 2000 روپے ہے۔ماہانہ 400 مکعب میٹر سے زائد استعمال پر فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 3100 روپے ہے، باقی تمام سلیبز اور سیکٹرز کے لیے گیس کی قیمت کی ایڈجسٹمنٹ ہوگی۔ کوشش کی جارہی ہے کہ باقی گھریلو صارفین پر کم سے کم بوجھ پڑے۔ذرائع وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کو تفصیلات آئندہ ہفتے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
گیس/ مہنگی