محاصرے تلاشی کارروائیاں جاری ، عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف مظاہرے
جموں(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں محاصرے‘ تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف علاقوں میں قابض بھارتی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ضلع سانبہ کے نند پور میں کسانوں نے انتظامیہ کی طرف سے اپنے زرعی پمپ چلانے کے لیے بجلی کی مناسب فراہمی میں ناکامی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کاشتکاری کے شعبے کو شدید نقصان کا سامنا ہے جبکہ ضلع بانڈی پورہ میں پراسرار حالات میں مردہ پائے گئے نوجوان کے اہلخانہ اور رشتہ داروں نے احتجاجی مظاہرے کے دوران اس کی موت کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کم از کم 8لاکھ نوجوان بے روزگار ہیں جن میں دو لاکھ تعلیم یافتہ نوجوان ہیں۔” ڈائریکٹوریٹ آف ایمپلائمنٹ “میں رجسٹرڈ بے روز گار نوجوان کی کل تعداد آٹھ لاکھ ہے ۔ ان میں دو لاکھ کے قریب وہ نوجوان ہیں جو تعلیم یافتہ ہیں۔ رواں برس مئی تک کم از کم 1لاکھ 99ہزار 8سو 72 تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار تھے۔مقبوضہ جموںوکشمیر میں نیشنل پنتھرز پارٹی کے رہنما ہرش دیو سنگھ نے کہا ہے کہ بی جے پی محض کھوکھلی بیان بازی اور بے بنیاد پر پروپیگنڈے کے سہارے چل رہی ہے اور وہ کشمیریوںکے ساتھ اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔
کشمیر