• news

شاہ محمود کی درخواست ضمانت منظور، خدیجہ شاہ کی سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد؍ لاہور (خبر نگار+خصوصی رپورٹر) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادنے9 مئی کو ہونے والے پرتشدد احتجاج کیس میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کر لی ہے۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں9 مئی پرتشدد احتجاج پر اسلام آباد کے تھانہ کھنہ میں درج مقدمہ کی سماعت ہوئی، جس میں ایڈیشنل سیشن جج سید محمد ہارون شاہ نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ سوشل ایکٹوسٹ خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دورکنی بنچ ضمانت کی درخواست پر 20 جولائی کو سماعت کرے گا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے جناح ہاؤس پر حملے کے مقدمے میں سیاسی رہنما روبینہ جمیل اور مقبول احمد سمیت سات ملزموں کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر 21 جولائی کو وکلاء کو بحث کیلئے  طلب کر لیا۔ ادھر انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے لیگی رہنما بلال یاسین پر حملے کے مبینہ ملزمان کے خلاف کیس یکم اگست  گواہان کی شہادت قلمبند کرانے کیلئے طلب کر لیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن