لاہور میں شارٹ سرکٹ سے ٹریفک وارڈن جھلس گیا ،ہسپتال منتقل
لاہور( این این آئی) صوبائی دارالحکومت لاہور میں شارٹ سرکٹ سے ٹریفک وارڈن جھلس گیا جسے طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، چیف ٹریفک آفیسر لاہور مستنصر فیروز نے ہسپتال جا کر ٹریفک وارڈن کی عیادت کی ۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک وارڈن عدنان نے فرخ آباد شاہدرہ میں کرائے پر کمرہ لیا ہوا تھا اور اکیلا سو رہا تھا جہاں وہ شارٹ سرکٹ سے جھلس گیا۔ٹریفک وارڈن عدنان کو میو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔سی ٹی او لاہور کے حکم پر ایس پی سٹی، ڈی ایس پی انارکلی اور انچارج ویلفیئر موقعہ پر پہنچے ۔ ٹریفک وارڈن عدنان اوکاڑہ کا رہائشی، میکلوڈ روڈ تعینات تھا،شارٹ سرکٹ ہونے کی وجوہات بارے تحقیقات کی جارہی ہے۔سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز میو ہسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے جھلسنے والے ٹریفک وارڈن عدنان کی عیادت کی۔ مستنصر فیروز نے پھول پیش کئے اور مالی امداد اور ورثا کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی، سی ٹی او لاہور کی ایم ایس میو ہسپتال سے بہترین علاج و معالجے کی درخواست کرتے ہوئے ٹریفک وارڈن کی مکمل صحتیابی تک اٹینڈنٹ فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔