سیلاب: آسام میں مزید 7 افراد ہلاک‘ دہلی میں آج پھر بارش کا امکان
نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں سیلابی صورتحال برقرار ہے جس وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ پانی کے 3 پلانٹ بند‘ بجلی کا نظام درہم برہم ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دریائے جمنا میں پانی کی سطح میں کمی جاری ہے اور پانی کی سطح کم ہوکر 207.68 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے بتایا جمنا بیراج کے پانچوں دروازے کھولنے کیلئے کام جاری ہے۔ اگر بارش نہ ہوئی تو چند دنوں میں صورتحال نارمل ہو جائے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نئی دہلی میں آج ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دوسری جانب ریاست آسام کے 17 اضلاع میں سیلابی صورتحال کے باعث 67 ہزار لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 7 لوگوں کی اموات کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ آسام میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 78 ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں، جن میں 4 ہزار 500 لوگوں نے پناہ اختیار کی ہوئی ہے۔ شہر نوائیڈہ میں سیلاب سے 2 بھینسوں‘ کئی بکروں‘ خرگوش‘ بطخوں‘ ایک کروڑ مالیت کے بیل سمیت 6 ہزار مویشیوں کو ریسکیو کر لیا گیا۔ 5 ہزار افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی۔ 8 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔