پاکستانی نژاد امریکی قانون سازوں میں مضبوط نیٹ ورکنگ ناگزیر ، سردار مسعود
اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)امر یکہ میں تعینا ت پا کستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستانی نژاد امریکی قانون سازوں کے درمیان مضبوط نیٹ ورکنگ اور ہم آہنگی جہاں پاکستانی کمیونٹی کے مفادات کیلئے سود مند ہوگی وہاں یہ ان کی طاقت میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں امریکی سیاست میں مزید متحرک کردار ادا کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔ تفصیلا ت کے مطا بق انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد قانون سازوں کی مربوط کوششیں ان تمام کاوشوں کو مزید مستحکم کریں گی جن کا مقصد پاک امریکہ تعلقات کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے۔سفیر مسعود خان نے یہ ریمارکس پاکستانی نڑاد امریکی ریاستی قانون سازوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیے۔ یہ قانون ساز امریکہ کی مختلف ریاستوں میں اپنے حلقوں کی خدمت سرا نجام دے رہے ہیں۔ میٹنگ کے شرکائ میں ریاست جارجیا کے نمائندے فاروق مغل، نمائندہ سائرہ ڈریپر، ٹیکساس سٹیٹ کے نمائندے سلمان بھوجانی، نیو جرسی اسمبلی کی خاتون رکن صدف ایف جعفر، ریاست پنسلوانیا کے نمائندے طارق خان، میری لینڈ اسٹیٹ کی مندوب سارہ وولک اور نیو جرسی اسمبلی کی خاتون رکن شمع حیدر شامل تھے۔ مسعود خان نے امریکی سیاسی افق پر پاکستانی نڑاد سیاستدانوں کے بڑھتے ہوئے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی نڑاد قانون ساز وں کی خدمات امریکی سیاست اور متعلقہ حلقوں میں عوام کی خدمت کے ضمن میں مثبت طور پر اثر انداز ہوں گی۔