• news

4ماہ بعد بلاول وزیراعطم ہونگے، یہی جریدہ قائد کو بہترین قرار دے گا: مراد شاہ

دھابیجی (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب دی اکانومسٹ کی رپورٹ کا جواب دیں گے۔ دھابیجی سپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ زون کو ڈویلپ کرنے والے ادارہ زیڈ ٹی بی کو چاہئے کہ وہ جلد از جلد اس منصوبے کو مکمل کر لے۔ بلاول بھٹو تو چار مہینے میں وزیراعظم بن جائیں گے۔ بلاول بھٹو کے وزیراعظم بننے کے بعد کراچی کو بدترین شہر قرار دینے والا اکنامسٹ کراچی کو بہترین شہر قرار دے گا۔ اکنامسٹ کے اکنامک اینڈ انٹیلی جنس یونٹ نے کراچی کو ہی اپنی رپورٹ میں شامل کرنے کے قابل سمجھا۔ ملک کا کوئی اور شہر اس رپورٹ میں شامل نہیں۔ اس رپورٹ میں تعلیم اور صحت کے لحاظ سے کراچی پہلے درجے کے شہروں سے کافی اوپر ہے۔ دھابیجی سپیشل اکنامک زون منصوبہ پاکستان کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ منصوبے میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور ایک لاکھ ملازمتیں ملیں گی۔ اس منصوبے سے معاشی ترقی و خوشحالی میں اضافہ اور سرکاری و نجی سٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون پیدا ہوگا جبکہ قومی شاہراہ تک رسائی اور ملکی و وسط ایشیائی ممالک تک سامان کی آمدورفت کے قابل ہوگا۔ چین کی حکومت نے کہا تھا کہ سی پیک کا آئیڈیا زرداری نے دیا تھا۔ آج کل لوگ بہت باتیں کرتے ہیں کہ سی پیک کس نے شروع کیا۔ سی پیک کا ہرگز یہ مطلب نہیں تھا کہ کچھ سڑکیں بنا دو‘ جب تک اکنامک زونز نہیں بنیں گے‘ سی پیک آگے نہیں بڑھے گا۔ اس پروجیکٹ کی لوکیشن اس سے بہتر ہو نہیں سکتی۔ ترقی کرتے کراچی کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں۔ سی پیک کا مقصد صرف سڑکیں بنانا نہیں تھا۔ منصوبے میں انڈسٹریز بھی شامل ہیں۔ اس سے لوگوں کو روزگار ملے گا۔ کراچی کے لوگوں میں ناامیدی پھیلانے والے کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن