• news

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ٹنل میں بحالی کا کام تکمیل کے قریب

 اسلام آباد/لاہور(خبرنگار+نیوزرپورٹر) 969 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کا کام تکمیل کے قریب ہے اور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار اسی ماہ کے آخر تک شروع ہو جائے گی۔مذکورہ پس منظر میں چیئرمین واپڈاانجینئرلیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور ٹیل ریس ٹنل میں بحالی کے کام اور بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ نیلم جہلم پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کے علاوہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز بھی اِس دوران موجود تھےچیئرمین واپڈا کو بتایا گیا کہ ٹیل ریس ٹنل کے منہدم ہونے والے حصے میں کنکریٹ لائننگ مکمل کی جاچکی ہے، جبکہ ساڑھے تین کلو میٹر طویل سرنگ کے دیگر متاثرہ حصوں کو بھی گرڈر، راک بولٹس اور شاٹ کریٹ کی مدد سے مضبوط کیا جاچکا ہے۔ بحالی کا کام مکمل ہونے پر اگلے ہفتے ٹیل ریس ٹنل سے تعمیراتی مشینری ہٹا کر صفائی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ بعد ازاں ٹیل ریس ٹنل میں پانی کی بھرائی کا آغاز کیا جائے گا اور اِس عمل کی تکمیل پر نیلم جہلم پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع ہو جائے گی۔چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ ٹیل ریس ٹنل میں پانی کی بھرائی اور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع کرنے کے لئے تمام SOPsاور بین الاقوامی ماہرین کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔نیلم جہلم رن آف دی ریورہائیڈرو پاور پراجیکٹ ہے، پراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار اپریل 2018 میں شروع ہوئی۔ گزشتہ برس ٹیل ریس ٹنل کا کچھ حصہ منہدم ہونے پر منصوبے سے بجلی کی پیداواربند ہوگئی تھی۔ بندش سے قبل اِس منصوبے نے نیشنل گرڈ کو 18 ارب یونٹ سے زائد بجلی مہیاکی۔
 

ای پیپر-دی نیشن