نیشنل گیمز کے 5 اتھلیٹس کے ڈوپ ٹیسٹ مثبت ‘عیشا کو ایشین چیمپئن شپ سے روک دیا گیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)تھائی لینڈ میں جاری ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کی عیشا عمران کو خواتین کی 200 میٹر دوڑ میں شرکت سے روک دیا گیا۔پاکستانی اتھلیٹ عیشا عمران کو خواتین کی دو سو میٹر ہیٹس میں شرکت کرنا تھی لیکن آفیشل شیٹ میں ان کے نام کے سامنے "ڈی این ایس" لکھا تھا یعنی وہ ریس میں شریک نہیں ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عیشا عمران کو ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایونٹ میں شرکت سے روکا گیا۔ کوئٹہ میں ہونے والے نیشنل گیمز میں 3 گولڈ میڈل جیتنے والی ایشا عمران کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آگیا۔ پی ایس بی کی میڈیکل ٹیم نے مجموعی طورپر بیس کھلاڑیوں کے پیشاب کے نمونے حاصل کیے تھے جن کے نتائج پاکستان سپورٹس بورڈ کو موصول ہوگئے ہیں۔ 5 اتھلیٹس کے ڈوب ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، چار اتھلیٹس عیشا، رابعہ عاشق، نعیم اختر، عزیر الرحمان ہیں جبکہ ایک ویٹ لفٹر محمد طاہر کا نام شامل ہے، تمام کھلاڑیوں نے نیشنل گیمز میں گولڈ میڈل جیتے تھے۔ایشا عمران ایشین اتھلیٹکس چیمپئن شپ کیلئے قومی سکواڈ میں منتخب ہوئی تھیں، رابعہ عاشق نے 2 گولڈ میڈلز جیتے تھے۔مثبت ڈوپ ٹیسٹ آنے پر اتھلیٹس کو عالمی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑیگا۔