• news

محرم الحرام: نگران وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کابینہ امن کمیٹی کا دورہ فیصل آباد

فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایات پرسٹینڈنگ کیبنٹ کمیٹی برائے امن و امان بابت محرم الحرام نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور فیصل آباد،سرگودھا اور ساہیوال ڈویژنز میں محرم انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی۔ سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی میں نگران صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن/ چیئرمین کمیٹی منصور قادر، نگران صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، نگران صوبائی وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر اور نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ شکیل احمد، ایڈیشنل آئی جیز شامل تھے۔ سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کے ارکان نگران صوبائی وزراء نے کہا کہ محرم انتظامات کے نفاذ میں کوئی لچک نہیں ہونی چاہئے اور کسی جگہ پر  کوئی معمولی سا بھی مذہبی مسئلہ ہو تو اسے نظر انداز نہ کریں بلکہ فوری حل کریں۔ انہوں نے اسلحہ کی نمائش، ہوائی فائرنگ، لائوڈ سپیکر کے استعمال، وال چاکنگ اور دیگر پابندیوں پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اہم جلوسوں و مجالس کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ کو یقینی بنائیں اور سی سی ٹی وی کیمرے فعال رہنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے کرایہ داروں، مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم انتظامات کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اہم معلومات کا تبادلہ کرتے ہوئے امن و امان کی صورتحال میں ممکنہ خرابی کو پیشگی بنیادوں پر دور کریں۔ فیصل آباد ڈویژن کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، سی پی او، ڈی پی اوز اور دیگر افسران اجلاس میں شریک تھے۔ بعدازاں نگران صوبائی وزراء نے میڈیا بریفنگ بھی کی اور محرم سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔

ای پیپر-دی نیشن