پب جی، بچوں سمیت بھارت جانے والی خاتون سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ تیار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پب جی گیم پر لڑکے سے دوستی کے بعد 4 بچوں سمیت بھارت پہنچنے والی پاکستانی خاتون سیما حیدر سے متعلق تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی رپورٹ تیار کر لی۔ سیما کے بچوں کی پیدائش کے حوالے سے بھی ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سیما کے پاکستان سے نیپال جانے کا مقصد صرف بھارتی شہری سے تعلقات ہیں۔ رپورٹ میں سامنے آیا ہے کہ سیما رضا دختر غلام رضا نے 15 فروری 2014ء کو جیکب آباد کی عدالت سے شادی کی اجازت لی، عدالتی اجازت کے بعد غلام حیدر جاکھرانی سے شادی کی۔ عدالتی بیان میں سیما حیدر نے اپنی عمر 19 سال بتائی۔ یکم جنوری 2018ء سے دو جنوی 2021ء کے درمیان سیما نے 4 بچوں کو جنم دیا۔ سیما کا والد رکشا ڈرائیور ہے اور اس کا بھائی سرکاری ملازم ہے جب کہ اس کی دو بہنیں ہیں۔ سیما نے فلائٹ ایف زیڈ 336 کے ذریعے پہلا سفر کیا۔ رواں سال 10 مئی کو فلائٹ دبئی کے ذریعے وہ شارجہ سے کراچی واپس آئی، دو دن بعد 18 مئی کو بچوں کے ہمراہ سفر کیا۔ دوبارہ10 مارچ کی صبح کراچی سے فلائٹ لی۔ اس سے قبل سیما کے کسی فضائی سفر کا ریکارڈ نہیں مل سکا ہے۔ نادرا میں شناختی کارڈ بنوانے کے دوران سیما کی عمر کا اندراج بھی غلط کیا گیا۔