دیامر: کوسٹر کھائی میں جاگری، 6افراد جاں بحق، 17زخمی
گلگت (نامہ نگار) شاہراہ قراقرم پر تھلیچی کے نزدیک سیاحوں کی کوسٹر کو حادثہ، پانچ خواتین سمیت 6 جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوگئے۔ راولپنڈی سے گلگت کی طرف آنے والی بدنصیب کوسٹر تھلیچی کے نزدیک موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 6 سیاح جاں بحق اور معصوم بچوں سمیت 17 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں اور لاشوں کو گلگت پی ایچ کیو اور سٹی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ حادثے کے شکار ہونے والی کوسٹر میں سوار سیاحوں کا تعلق کراچی اور حیدرآباد سے بتایا جاتا ہے جو سیر کے لئے یہاں آرہے تھے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان اور گورنر گلگت بلتستان نے تھلیچی حادثے پر نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کا فوری علاج یقینی بنانے اور نعشوں کو ان کے آبائی علاقوں تک پہنچانے کی ہدایت کر دی ہے۔ کمشنر گلگت ڈویژن نجیب عالم کے دفتر سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ تھلیچی حادثے میں محکمہ صحت اور 1122 کی ایمبولینسز میں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے گلگت منتقل کیا گیا ہے اور میتوں کو گلگت روانہ کر دیا گیا ہے۔ کمشنر گلگت نے مزید بتایا کہ حادثے کی بابت جلد لواحقین سے رابطہ کر کے میتوں کی منتقلی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دیامر، شاہراہ قراقرم پر تھلچی کے مقام پر سیاحوں کی بس کو حادثے اور قیمتی جانوں کے نقصان پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے حکام کو فوری امدادی کارروائیوں اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔