• news

شیخوپورہ‘ گوجرانوالہ میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ‘ 2 افراد قتل

شیخوپورہ/ نواں کوٹ‘ گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی/ نامہ نگار) دیرینہ دشمنی پر  2 افراد قتل‘ مخالفین نے سیکرٹری یونین کونسل محمد جہانزیب ولد علی گوہر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ علی گوہر وغیرہ کی اپنے ہی گائوں کے ناصر حسین وغیرہ سے دشمنی تھی۔ معززین علاقہ نے صلح کروا دی مگر ملزمان نے دل میں رنجش رکھی ہوئی تھی کہ گزشتہ صبح موٹر سائیکل سوار نوید اور عثمان نے علی گوہر کو فائرنگ کر کے اس وقت قتل کر دیا جب وہ اپنے کھیتوں میں جا رہا تھا۔ ملزمان نے علی گوہر کی پیشانی پر فائر مارے جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ گوجرانوالہ احسن اپنے کزن طاہر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ کار سوار ملزمان نے احسن پر اچانک فائرنگ کر دی۔ نوجوان کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ کچھ دیر موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔ مقتول کے ورثاء نے اس کی نعش چند دا قلعہ چوک میں رکھ کر شدید احتجاج کیا جس کے باعث ٹریفک جام ہو گئی۔

ای پیپر-دی نیشن