• news

مزنگ: معمولی جھگڑے پر دوستوں کی فائرنگ سے زخمی نوجوان چل بسا‘ ورثاء کا احتجاج

لاہور (نامہ نگار) مزنگ کے علاقے میں معمولی جھگڑے پر دوستوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 22سالہ ظل علی ہسپتال میں دم توڑ گیا ہے۔ جس پر ورثا اور اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے ڈیڈ ہاؤس کے باہر شدید احتجاج اور نعرے بازی کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز اندرون ٹیکسالی گیٹ کے رہائشی  22 سالہ ظل علی کو اس کے دوست احمد نے فون کر کے اپنے گھر دعوت پر بلایا، جہاں معمولی جھگڑے پر احمد گجر، اسد شاہ، بودی گجر وغیرہ نے فائرنگ کر کے ظل علی کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ زخمی ظل علی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا ہے۔ پولیس نے نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے میو ہسپتال مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ ورثاء نے کہا کہ ملزموں کی گرفتاری تک احتجاج جاری رہے گا۔ پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی جبکہ مظاہرین کا کہنا تھا ڈیڈ باڈی کو گورنر ہاؤس لے جایا جائے گا۔ جہاں پر ملزموں کی گرفتاری تک احتجاج کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن