• news

 مری میں تعمیر شدہ تمام کمرشل عمارتوں کا تفصیلی آڈٹ کیا جائے،چیف سیکرٹری پنجاب


راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے مری میں تعمیر شدہ تمام کمرشل عمارتوں کا تفصیلی آڈٹ کیا جائے اور منظور شدہ نقشے اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ مری کی تزئین و آرائش اور پھول اور پودے اگانے پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ مری کی پرانی خوبصورتی کو بحال کیا جا سکے۔یہ بات انہوں نے مری میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں غیر قانونی تعمیرات، ٹریفک کے مسائل اور تزئین و آرائش کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ مری میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کریک ڈان مذید تیز کیا جائے اور اس کو ہر صورت نتیجہ خیز بنایا جائے۔ سڑک کنارے بنی ہوئی ایسی کمرشل بلڈنگز کو فوری سر بمہر کیا جائے جنہوں نے پارکنگ کیلئے کوئی باقاعدہ جگہ نہیں بنائی ہوئی۔ مری کی سٹرکوں کا پیچ ورک جلد مکمل کیا جائے اور سڑک کنارے موجود تمام بلڈنگز کو پینٹ کیا جائے تاکہ سیاحوں کیلئے کشش کا باعث بن سکیں۔ مری کے حسن میں اضافے کے لئے تزئین و آرائش کا جامع منصوبہ بنایا جائے اور اس مقصد کیلئے تمام ضروری فنڈز مہیا کئے جائیں گے۔ مون سون شجر کاری مہم کا دائرہ کار بڑھایا جائے اور اس دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں تاکہ مری کو پھولوں اور پودوں سے بھرا جا سکے۔ مری میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور تمام ٹورسٹ پوائنٹس پر گندگی نظر نہ آئے، کوڑا کرکٹ ہٹانے اور ٹھکانے لگانے کا موثر نظام بنایا جائے۔کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ نے کہا کہ مری کے قدرتی حسن کو بحال کرنے کیلئے تمام ادارے متحرک ہیں اور پی ایچ اے نے مون سون کے دوران سڑکوں کنارے پھول اگانے کے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے کہا کہ مری میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ ٹریفک کنٹرول کا باقاعدہ نظام مرتب کیا گیا ہے اور غیر ضروری رش اور پارکنگ کو روکنے کیلئے اہم اقدامات کئے گے ہیں۔
 چیف سیکرٹری پنجاب

ای پیپر-دی نیشن