پرنسپل جنرل ہسپتال انسداد ڈینگی کیلئے متحرک، عوام میں احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹس تقسیم
لاہور(نیوز رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ بیماریوں کی روک تھام اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے ماحولیاتی صحت (انوائرنمنٹل ہیلتھ) کا تحفظ ناگزیر ہے جس کیلئے پوری کمیونٹی کو اپنے حصے کی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔حفظان صحت کے اصولوں کو اپنی روزمرہ زندگی میں نافذ کر کے بہت سے امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ کھانا کھانے سے پہلے اور رفع حاجت کے بعد صابن سے ہاتھ دھونے کو یقینی بنایا جائے توکسی ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی جبکہ علاج معالجے پر اٹھنے والے اخراجات کو بھی بچایا جا سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے آگاہی مہم کے سلسلے میں لاہور جنرل ہسپتال میں ڈینگی وائرس سے بچاو¿ سے متعلق عوام میں احتیاطی تدابیر پر مبنی پمفلٹس تقسیم کرتے ہوئے کیا۔ ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، پروفیسر فہیم افضل، ڈاکٹر محمد مقصود، ڈاکٹر جعفر حسین، ڈاکٹر عبدالعزیز، ہیلتھ پروفیشنلز اور میڈیکل سٹوڈنٹس بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ڈینگی بخار میڈیکل کے ساتھ ساتھ ایک سماجی مسئلہ بھی ہے جس پر قابو پانے کیلئے شہریوں کو اپنے گھروں اور اردگر کے ماحول کو صاف ستھرا اور خشک رکھنا ہوگا۔ ڈینگی مچھر کی افزائش صاف پانی میں ہوتی ہے لہٰذا شہریوں کو چاہیے کہ وہ گھروں کی چھتوں، کھلے برتنوں،گملوں،واٹر کولر زاورضائع شدہ ٹائرز میں پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکا جا سکے۔