• news

اسرائیل پاکستان پر تنقید کی بجائے اپنے گریبان میں جھانکے:قمرالزماں بابر


لاہور (کلچرل رپورٹر) پاکستان پیس گروپ کے چیئرمین قمرالزماں بابر نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کی پاسداری سے متعلق اسرائیل کا بیان ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت اور سفارتی آداب کی خلاف ورزی ہے۔پاکستان انسانی حقوق کی پاسداری کرنے والا ملک ہے جبکہ اسرائیل نے 75برس سے مظلوم فلسطینیوں کے وطن پر قبضہ کر رکھا ہے اور مسلسل انہیں جانی اور مالی نقصان پہنچا رہا ہے۔اسرائیل اور بھارت دونوں غاصب ہیں۔بھارت نے کشمیریوں کا بنیادی حق آزادی غصب کر رکھا ہے اور مسلسل ان کی نسل کشی کا جرم کررہا ہے۔ اسرائیل نے فلسطینیوں پر کونسا ظلم نہیں ڈھایا۔ اسرائیل کو پاکستان پر تنقید کی بجائے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔ اسرائیل اور بھارت کے مظالم دنیا کو کیوں دکھائی نہیں دیتے۔ ان ظالم ملکوں میں نے گٹھ جوڑ کر کے بے بس اور نہتے انسانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں۔ بچوں اور عورتوں کو بھی قتل ،بے آبرو کرنے سے گریز نہیں کیا۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے یہ انسانیت سوز مظالم بند کرائیں اور کشمیریوں ،فلسطینیوں کو آزادی کا بنیادی حق دلائیں۔ پاکستان کشمیریوں اور فلسطینیوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان میں ہر اقلیت محفوظ ہے۔ ہر شہری کے حقوق برابر ہیں۔ اسرائیل کا وجود دنیا پر ایک بوجھ ہے۔ ایسے ملک کو پاکستان پر تنقید کا کوئی حق نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن