• news

مذہبی منافرت پھیلانے والے اسلام ،امن کے دشمن ہیں: ڈاکٹر جمال ناصر


لاہور(نیوز رپورٹر) وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر و بہبود آبادی ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ تمام شہری سوشل میڈیا کے ذریعے مذہبی منافرت اور فرقہ واریت پھیلانے والوں پر نظر رکھیں۔ یہ لوگ اسلام اور ملک کے دشمن ہیں۔ شہری ان کے بارے میں ایف آئی اے سائبر ونگ اور انتظامیہ کو اطلاع دیں۔ علماءکرام انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں اور امن و امان کیلئے بنائے کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کریں۔ اسلام اخوت، رواداری ،بھائی چارے اور صبر و برداشت کا درس دیتا ہے اور ان ہی اصولوں پر کاربند رہ کر ملک میں امن و امان قائم رکھا جا سکتا ہے۔محرم الحرام میں ان اصولوں پر سختی سے عمل کرنا ناگزیر ہے۔ اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ تمام مکاتب فکر اور تمام مذاہب کے لوگ اس ملک میں ایک دوسرے کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں۔ ایک دوسرے کا عزت و احترام کرتے ہیں مگر مٹھی بھر عناصر مذہبی منافرت کو پھیلا کر اور اختلافات کو ہوا دیکر ملک میں بدامنی اور دہشت گردی کے ناپاک منصوبے بنا رہے ہیں جن کو ہر صورت ناکام بنانا ہو گا۔ ملک کے تمام مکاتب فکر کے علماءنے ہمیشہ فرقہ واریت اور مذہبی منافرت پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کی ہے اور آج بھی تمام علماءملک دشمن عناصر کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن