محرم مےں قےام امن کیلئے سکیورٹی انتظامات کا ماسٹر پلان جاری کر دیا:ڈی پی او قصور
قصور(نمائندہ نوائے وقت) ڈی پی او قصور طارق عزیز سندھو نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر کے ماسٹر پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ضلع قصور میں یکم محرم الحرام سے لیکر یوم عاشورہ تک کل 673 پروگرام منعقد ہوں گے جن میں 109 جلوس اور 564مجالس کے پروگرام شامل ہیں تمام پروگرامز کو تین کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جن کی سکیورٹی کے لیے2ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کے حوالے سے منتظمین مجالس و جلوس کیساتھ ساتھ امن کمیٹی کے ممبران کیساتھ میٹنگزکے بعد سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ضلعی پولیس کی کل نفری کے علاوہ300 ولنٹیرز،سول ڈیفنس رضاکار، ریزرو ہائے پنجا ب کانسٹیبلری پولیس،محافظ فورس،دفتری و کلیریکل سٹاف اور ایلیٹ فورس کے جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گی جبکہ9اور 10محرم الحرام کو رینجراور پاک فوج کی خدمات بھی حاصل ہوں گی۔جلو س میں داخلہ کیلئے چار سے سات لیئر ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلو سوں کے روٹس کی چیکنگ بذریعہ سنیفر ڈاگ اور ٹیکنیکل آلات سے کرائی جائے گی،تمام امام بارگاہوں پر 4/4سی سی ٹی وی کیمرے انسٹال کیے جارہے ہیں، سکیورٹی کے تمام امور کو مانیٹر کرنے کیلئے ڈی پی او آفس میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔