پی ٹی آئی ملکی معیشت کی بحالی کا جامع پلان رکھتی ہے : خرم شہزاد
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)سابق وزیر قانون خرم شہزاد ورک نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پی ٹی آئی کو پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت سمجھتا ہے اسی لئے آئی ایم ایف کے وفد نے عمران خان سے ملاقات کر کے قرض دینے کے معاہدہ کی بات کی جس کی حمایت عمران خان نے اس شرط پر کی کہ غریب عوام پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا بلکہ ٹیکس نادہندگان سے وصولی کر کے آئی ایم ایف کے قرض کی اقساط ادا کی جائیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب شیخوپورہ کے سابق جنرل سیکرٹری عظیم احمد یزدانی کو حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے کیا، اس موقع پر چوہدری شعیب بھٹی، چوہدری شوکت علی ورک، عاشر عظیم یزدانی، مشتاق احمد ڈپو والے، معاذ بدر بھٹی، ابوہریرہ بھٹی و دیگر موجود تھے، خرم شہزاد ورک نے کہا کہ پی ٹی آئی ملکی معیشت کی بحالی کا جامع پلان رکھتی ہے اگر عمران خان کو ایک سازش کے تحت اقتدار سے نہ ہٹایا جاتا تو آج پاکستان کو آئی ایم ایف یا کسی دوست ملک سے قرض کیلئے بھیک نہ مانگنی پڑتی ہم خود کفیل ہوچکے ہوتے اور آئی ایم ایف کے قرض ادا کرنا بھی مشکل نہ ہوتا۔