وزیر اعظم کے گرین پاکستان انیشیٹو سے زرعی پیداوار میں مدد ملے گی:شہزاد علی
لاہور(کامرس رپورٹر )چیئرمین رائس ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے گرین پاکستان انیشیٹو سے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے، پائیدار ترقی اور زرعی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔ گزشتہ روز رحیم یار خان سے شوکت حسین خان ڈاہر کی قیادت میں صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے قابل تجدید توانائی، جنگلات اور دیگر ماحول دوست منصوبوں میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی۔ سرمائے کی اس آمد سے معاشی ترقی تیز ہو گی۔ بنیادی ڈھانچہ بہتر ہو گا اور کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانے اور واٹرشیڈ مینجمنٹ سے زمین کے کٹاو ¿ کو کم کرنے، پانی کی دستیابی کو بہتر بنانے اور مجموعی بہتری میں مدد ملے گی۔ ماحولیاتی توازن، فصلوں کی نشوونما کے لیے زیادہ سازگار ماحول اور پانی کی کمی پر کنٹرول سے زرعی پیداوار پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹیو سے جنگلات، باغبانی اور ماحولیاتی تحفظ سمہیت مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ نئی ملازمتوں سے بے روزگاری کی شرح میں کمی اور آمدنی میں اضافہ ہوگا اور مجموعی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل کے تحفظ سے سیاحوں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی جس سے مقامی کمیونٹیز کو فائدہ ہو گا اور مجموعی طور پر معیشت میں استحکام آئے گا۔ شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا کہ متنوع ماحولیاتی نظام سے قدرتی کیڑوں پر قابو پانے، فصلوں کی پولی نیشن کو بڑھانے اور پائیدار زراعت کو فروغ ملتا ہے جس سے کاشتکاروں کی پیداوار میں اضافہ اور آمدنی بہتر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی سمارٹ ٹیکنالوجیزکو اپنانے سے آبپاشی کے نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور خشک سالی کا مقابلہ کرنے والی فصلیں متعارف کرائی جا سکتی ہیں۔