• news

معاشی فیصلوں کیلئے خود مختار بورڈ بنایا جائے: لاہور ٹیکس بار

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور ٹیکس بار نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی کیلئے آئی ایم ایف کے نسخے پر انحصار کی بجائے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ غریب کی بجائے اشرافیہ کے اندر ملک کیلئے ایثار کا جذبہ بیدار کیا جائے اور ان سے قربانی مانگی جائے۔ معیشت کو گروتھ دینے والے تمام شعبوں کے اشاریے منفی ہیں۔ ایسے حالات میں قرض اور سود کی اقساط کیسے واپس ہوں گی۔ لاہور ٹیکس بار کے صدر زاہد پرویز،نائب صدر رانا کاشف ولائت،جنرل سیکرٹری اعجاز بھٹی،فنانس سیکرٹری عامر رحمان،جوائنٹ سیکرٹری چودھری اصغر جالندھری نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بنیاد زراعت اور انڈسٹری ہے لیکن دونوں زبوں حالی کا شکار ہیں،آئی ایم ایف پر انحصار کرکے مبارکبادیں دینے اور وصول کرنے کا سلسلہ جاری ہے حالانکہ یہ ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے  ، آئی ایم ایف نے کوئی ریلیف نہیں دیا بلکہ اس کی کڑی شرائط سے معیشت کی سانسیں رک رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بد قسمتی سے سیاسی جماعتوں کے پاس کوئی معاشی پلان اور نہ ہی کوئی وڑن ہے ،بند کمروں میں بیٹھ کر فیصلے کئے جاتے ہیں جن کے مثبت نتائج نکلنے کی بجائے الٹا نقصان ہوتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ معاشی پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہے اس لئے معیشت کو سیاست اور حکومتوں سے الگ کیا جائے ، معاشی فیصلوں کیلئے خود مختار بورڈ بنایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن