• news

گال ٹیسٹ: میتھیوز،دھننجایا کی نصف سنچریاں، سری لنکا کے 6وکٹوں پر 242رنز

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے گال ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکا نے پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنا لیے ہیں۔گال میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پہلے سیشن کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکا کے پہلے کھلاڑی کو 6 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔ شاہین نے اپنے دوسرے اوور میں اوپنر نشان مدوشکا کو آؤٹ کیا جس کا شاندار کیچ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے کیا، شاہین شاہ آفریدی کی اس وکٹ کے بعد ٹیسٹ کیرئیر میں 100 وکٹیں مکمل ہوگئیں۔اس کے بعد دیموتھ کرونا رتنے، کوشال مینڈس اور دنیش چندیمل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ایک موقع پر سری لنکا کے 4 کھلاڑی صرف 54 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے۔نشان مدوشکا4‘کپتان دیموتھ رکونا رتنے 29‘کشل مینڈس12اور دنیش چندی مل1رن بناکر چلتے بنے، تاہم اس کے بعد انجیلو میتھیوز اور دھننجایا ڈی سلوا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اورپانچویں وکٹ پر132رنز کی شراکت قائم کی۔ 185 کے مجموعے پراینجلو میتھیوز 64 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے۔پہلے روز کھیل کے اختتامی اوور میں سدیرا سمارا وکرما آغا سلمان کی گیند پر امام الحق کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 36 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دھننجیا ڈی سلوا 94 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنالئے تھے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 جبکہ نسیم شاہ، ابرار احمد اور آغا سلمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔سری لنکن محکمہ موسمیات کی جانب سے ٹیسٹ میچ کے پانچوں دن بارش کی پشین گوئی کی گئی تھی ۔ گزشتہ روز بھی میچ سے متاثر ہوا اور وفقہ وفقہ سے کھیل روکنا پڑاجس کی وجہ سے تمام اوورز مکمل نہ کئے جاسکے ۔ شاہین شاہ آفریدی کے مخالف بیٹرز پر برستے ہی بارش بھی میدان میں کود پڑی ہے۔ ابتدا ہی میں شاہین شاہ کے مخالف ٹیم پر گرجنے اور وکٹ لینے کے بعد بادل برس پڑے جس کی وجہ سے میچ عارضی طور پر روک دیا گیا۔دن کے اختتام سے قبل بھی بارش رکاوٹ بن گئی اور کھیل روکنا پڑا۔سری لنکن محکمہ موسمیات کے مطابق ٹیسٹ میچ کے پانچوں دن بارش کا امکان ہے جبکہ آخری روز بارش کا امکان 60 فیصد ہے، بارش کھیل کے رنگ میں بھنگ ڈال سکتی اور پہلے ٹیسٹ کا مزا کرکرا کر سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن