ورلڈ کپ‘ پاکستان بھارت ٹاکرے نے جہاز کے کرائے بڑھا دئیے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ‘بھارت ٹاکرے کے باعث ہوٹلوں کے کرایوں کے بعد اب احمد آباد کیلئے جہاز کے کرایوں میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر احمد آباد جانے والی فلائٹس کے کرائے آسمان سے باتیں کرنے لگے ۔ پاکستان بھارت میچ سے ایک روز قبل کے ایئر ٹکٹس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔دہلی احمد آباد اور ممبئی احمد آباد کے سیکٹرز کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔اس وقت دہلی اور ممبئی سے ون وے ڈائریکٹ ٹکٹ 15 سے 22 ہزار روپے میں بْک ہو رہا ہے۔ٹریول ایجنٹس کے مطابق پاکستان بھارت میچ کے اعلان کے بعد ٹکٹوں میں 5 گنا اضافے ہوا ہے۔ پاکستان بھارت ٹاکرے کے اعلان کے بعد احمد آباد میں ہوٹل کے کرائے بھی بہت حد تک بڑھا دیے گئے۔ ہوٹل کے کمروں کی بکنگ بھی نایاب ہو گئی اور کمرے کا کرایہ 50 ہزار روپے تک چلا گیا ہے۔