ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو 5 ہزار جرمانہ کریں سب ٹھیک ہو جائیں گے : ہائیکورٹ
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس میں دوران سماعت روڈ سیفٹی پر زور دیتے ہوئے لاہور ٹریفک پولیس کو کہا ہے کہ ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کو 5 ہزار جرمانہ کریں سب ٹھیک ہوجائیں گے۔ عدالت نے لاہور ٹریفک پولیس کو ہدایات کیں کہ رولز بنائیں عدالت اس پر حکم جاری کردے گی، پہلے10 روز ہیلمٹ کے استعمال کی تشہیر کریں اور آگاہی دیں پھر ہیلمٹ نہ پہننے والے پر 5 ہزار جرمانہ کریں، سب ٹھیک ہوجائیں گے۔ عدالت نے لاہور کی سڑکوں پر ٹریفک وارڈنز کے جگہ جگہ سڑک بلاک کرکے چالان کرنے پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا آدھی سڑک بلاک کرکے وارڈنز چالان کر رہے ہوتے ہیں جس سے ٹریفک جام ہوتی ہے۔ سی بی ڈی کا انڈر پاس پہلی بارش بھی برداشت نہیں کرسکا، چیف انجینئر ایل ڈی اے کوخود بخود مستعفی ہو جانا چاہیے تھا۔ عدالت نے پانی کھڑا ہونے سے اردگرد کے گھروں کے متاثر ہونے پر جمعہ کو رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے ایم اے او کالج کی پرنسپل کو سائیکل پر دفتر جانے پر خوب سراہا۔
ہائیکورٹ جرمانہ