عید گاہ شریف مذہبی، روحانی اعتبار سے پوری دنیا میںمنفرد مقام رکھتا ہے،جمال ناصر
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربارِ عالیہ عید گاہ شریف جہاں مذہبی اور روحانی اعتبار سے پوری دنیا میں ایک ممتاز اور منفرد مقام رکھتا ہے وہیں وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی و اتحاد، امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بین المسالک اتحاد اور وحدت ملک و ملت کیلئے بھی بے شمار گراں قدر خدمات سر انجام دینے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے ۔ عید گاہ شریف نے نہ صرف وطنِ عزیز پاکستان بلکہ قوم و ملت، قومی سلامتی کے اداروں اور ملک کے تمام شعبہ جات کی ترقی اور سلامتی کیلئے ہمیشہ اپنا نہایت مخلصانہ کردار ادا کیا ہے مسلمانوں کے نئے سال محرم الحرام کی آمد پر ملک بھر میں امن و امان کے قیام اور ہر قسم کی فرقہ واریت و انتشار کی روک تھام کیلئے تمام مسالک و مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام کی ایک اہم کانفرنس پیر محمد نقیب الرحمن کی زیرِ صدارت آستانہ عالیہ عید گاہ شریف میں منعقدہوئی جس میں نگران صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر جمال ناصر، ضیا اللہ شاہ سابق ایم پی اے، سی پی او راولپنڈی سید خالدمحمود ہمدانی، ایس پی راول فیصل سلیم کے علاوہ مرکزی میلاد کمیٹی کے عہدیداران، مرکزی سیرت کمیٹی کے عہدیداران، راولپنڈی کینٹ کے میلاد مراکز کے ممبران، تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، ضلع راولپنڈی امن کمیٹی کے ممبران، انتظامی امور کے تمام محکمہ جات کے افسران و ذمہ داران، انجمنِ تاجران کے وفد و دیگر نے شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اور متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا اور جس سے خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا وطنِ عزیز پاکستان ہمارا گھر و ہماری چھت ہے بلکہ پورے عالمِ اسلام میں مدینہ منورہ کے بعد اور مدینہ منورہ کا صدقہ ایسی مملکت ہے جو خالصتا دینِ کے نام پر معرضِ وجود میں آئی ہے اور جہاں پر مسلمانوں اور تمام مذاہب کو اپنی زندگیاں اپنے مذہبی عقائد کے مطابق گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ یہاں پر بسنے والوں کو ملکی سلامتی و ترقی کیلئے تمام اختلاف بھلا کر اخوت، رواداری، امن پسندی اور بھائی چارے کے ساتھ اپنی زندگیاں اپنے اپنے عقائد و مذاہب کے مطابق بسر کرنا چاہیں تو یہ صرف اسی صورت ممکن ہے کہ جب اپنے مذہب و مسلک کو چھوڑا نہ جائے اور دوسروں کے مذاہب و عقائد کو چھیڑا نہ جائے ہمیں چاہیے کہ سب مل کر اللہ تعالی کی رسی کو مضبوطی سے تھام رکھیں ۔ نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا اسلام تلوار کے نہیں بلکہ حضور نبی کریم ﷺ کے اعلی ترین خلقِ مصطفوی ﷺ کا صدقہ پھیلا ہے اور اس خلقِ عظیم کی عملی تصویر عید گاہ شریف میں نظر آتی ہے ۔ سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے کہا حضور نبی کریم ﷺکے فرمانِ مبارک کے مطابق تمام مسلمان جسمِ واحد کی مانند ہیں اور وطنِ عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لئے امن و امان کے قیام میں عید گاہ شریف نے ہمیشہ نہایت مخلصانہ کردار ادا کیا ہے۔ سی پی او راول نے کہا دینِ متین اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود کے لئے آستانہ عالیہ عید گاہ شریف کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ کانفرنس کے اختتام پر وطں عزیز کی سلامتی، خوشحالی ترقی، افواجِ پاکستان کی سربلندی،اتحادِ بین المسلمین اور وطنِ عزیز کی تمام اندرونی و بیرونی سازشوں سے حفاظت کیلئے خصوصی دعا کی۔