• news

حکمرانوں نے عوام پر مہنگائی کا ڈرون حملہ کر دیا: خواتین

لاہور (لیڈی رپورٹر) خواتین نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر مہنگائی کے ہاتھوں زندہ درگور عوام پر مہنگائی کا ڈرون حملہ کر دیا ہے۔ لوگ پہلے ہی بھاری یوٹیلٹی بلوں کے ہاتھوں دو وقت کی روٹی سے عاجز آ چکے ہیں، سبزی، دال، آٹا ہر چیز عوام کی پہنچ سے دور ہے۔ ضروری دوائیں کرایہ مکان بچوں کی فیس اور شیر خوار کیلئے دودھ‘ گوشت اور پھلوں کا تصور بھی ناممکن ہے مگر حکمرانوں کو عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگومیں ورکنگ خواتین ثوبیہ اقبال اور شاہانہ سعید نے کہاکہ معاشی مظالم کی انتہا کر کے متوسط طبقے کا بھی بھرکس نکال دیا ہے۔ جب سے اس حکومت نے اقتدار سنبھالا ہے اس کے کئے جانے والے اقدامات سے عوا م مہنگائی تلے پس رہی ہے۔ گھریلو خواتین سعدیہ عارف اور یاسمین ریاض نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے۔ آمدن یا تنخواہیں بڑھتی نہیں، مہنگائی ہر روز بڑھا دی جاتی ہے۔کیا ہم بجلی اور گیس کے کنکشن کٹوا دیں، حکومت فی الفورظالمانہ فیصلہ واپس لے۔ یونیورسٹی طالبات علشبہ اور ردا نے کہا کہ  اضافے سے ذہنی پریشانیوں اور گھریلو جھگڑوں میں اضافہ ہو گا، لوگ کہاں سے اتنے پیسے لائیں۔ چوریاںکریں یا ڈاکے ڈالیں؟۔  بسوںکے کرائے، سٹیشنری، کتابیں، لیپ ٹاپ سب بہت زیادہ مہنگے ہو چکے ہیں۔ تعلیمی سلسلہ جاری رکھنا والدین پر ظلم کے برابر دکھائی دیتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن