پاکستان ‘ازبکستان،افغانستان ریلوے منصوبے پر سہ فریقی ورکنگ گروپ کا اجلاس
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)ازبکستان افغانستان،پاکستان (یو اے پی)ریلوے منصوبے پر تین ممالک کے سہ فریقی ورکنگ گروپ کا اجلاس وزارت ریلوے اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ پاکستان ریلویز کے سیکریٹری/چیئرمین سید مظہر علی شاہ نے پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ افغانستان کے وفود کی قیادت افغانستان ریلوے اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اور سی ای او، الحاج بخت الرحمان شرافٹ نے کی۔ جمہوریہ ازبکستان کی وزارت سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے سربراہ مسٹر دیکھکانوف ڈی ۔ ٹی نے ازبکستان کی نمائندگی کی۔ورکنگ گروپ نے اجلاس میں منصوبے کے روٹ کو حتمی شکل دی۔ اس سلسلے میں مشترکہ پروٹوکول پر دستخط کی تقریب 18 جولائی 2023 کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی ۔ UAP منصوبے کے اہم مقاصد میں ترمیز، مزار شریف،لوگر،خرلاچی روٹ کے ذریعے ازبکستان ریلوے کو پاکستان ریلوے سے جوڑ کر ایک ریل لنک تعمیر کرنا ہے۔UAP ریلوے پراجیکٹ نہ صرف شریک ممالک درمیان علاقائی، ٹرانزٹ اور دو طرفہ تجارت میں سہولت فراہم کرے گا بلکہ پورے خطے کے لوگوں کے درمیان بہتر روابط بھی فراہم کرے گا۔ یہ ریلوے لائن مسافروں اور مال بردار سروسز دونوں کو سپورٹ کرے گی، اور علاقائی تجارت اور اقتصادی ترقی میں حصہ اہم کردار ادا کری گی۔فریقین نے تکنیکی معاملات ، فنانسنگ کے ذرائع اور منصوبے کے جلد نفاذ کے لیے دیگر اہم پہلوں کے لیے ایک روڈ میپ پر بھی اتفاق کیا۔ فریقین نے حتمی روٹ اور اس کے نفاذ کے طریقوں پر اتفاق رائے حاصل کرنے میں تینوں ریلوے کے ماہرین کے پیشہ ورانہ کام کو سراہا۔