• news

 اہل بیت اور صحابہؓ کی محبت آپس میں لازم و ملزوم ہے:اشرف جلالی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہﷺ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد فاروق اعظم اجنیانوالہ میں ”عظمتِ آل و اصحابِ رسول کانفرنس“ کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے تحریک لبیک کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا اہل بیت اطہار علیہم الرضوان اور صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کی محبت آپس میں لازم و ملزوم ہے۔ آل و اصحاب رسول کی محبت بیک وقت اہل سنت کا طرہ¿ امتیاز ہے۔ معاشرے میں ان دونوں محبتوں کو آپس میں معاذ اللہ متصادم قرار دینے والے انتشاری ہیں، ان کا کڑا محاسبہ کیا جائے۔ جس معاشرے میں اہل بیت و اصحاب رسول کے خلاف زبان درازی کی جائے، وہاں سے رحمت خداوندی روٹھ جاتی ہے۔ قرآن مجید سے رہنمائی کے حصول کے لیے اہل بیت و اصحاب رضی اللہ تعالیٰ عنہم کا احترام بہت ضروری ہے۔ ناموس رسالت، ناموس اہل بیت اطہار رضی اللہ عنہم، عظمت صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کیلئے کسی بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ کانفرنس میں صوفی خادم حسین رضوی، مفتی محمد شفقات احمد کیلانی، قاری محمد جمیل جلالی، علامہ محمد فلک شیر جلالی، علامہ محمد عمر دراز جلالی، مفتی محمد راشد علی رضوی، مولانا محمد فیصل علی جلالی، محمد جاوید ذکی و دیگر نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن