معصوم بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات حکومت کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے:محمدجاوید قصوری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے معصوم بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں رواں سال کے ساڑھے چھ ماہ کے دوران معصوم بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 161واقعات کا پیش آ نا قانون کی حکمرانی پر سوالیہ نشان ہے۔جب تک ان حیوان نما انسانوں کودوسروں کے لئے مقام عبرت نہیں بنایا جائے گا اس وقت تک یہ گھناﺅنا جرم ختم نہیں ہو گا۔اللہ اور اس کے رسول کے احکامات سے دوری کے نتیجے میں معاشرہ بے راہ روی کی جانب چل پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ 5سال میں 15ہزار خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس کی روک تھام کے حوالے سے حکومت کی کارکردگی شرمناک ہے۔ روزانہ اوسطاً 10خواتین کو نشانہ بنایا جارہا ہے مگر مجرمان قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔