گوجرانوالہ: پارک منشیات فروشوں،جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)گلشن اقبال پارک منشیات فروشوں،جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہ بن گیا۔ فیملیز نے پارک میں سیر و تفریح کی غرض سے آنا ترک کر دیا۔ شہریوں کو صحت مند تفریح کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے بنے والا گلشن اقبال پارک شہر کا بدنام ترین اڈہ بنتا جا رہا ہے، شام ہوتے ہی تتلیاں سج دھج کر گاہکوں کی تلاش میں گلشن پارک کے سامنے ڈیرے جما لیتی ہیں ،اس حوالے سے اہل علاقہ کا مزےد الزام ہے کہ گلشن اقبال پارک کے اندر منشیات کی باآسانی دستیابی سے نوجوان نسل تیزی سے منشیات کی عادی ہو کر اپنی زندگیاں تباہ کر رہی ہے اور اپنے خاندانوں کیلئے پریشانی و تکلیف کا باعث بن رہی ہے، جس کی وجہ سے گلشن اقبال پارک کے اردگرد بسنے والے لوگ شدید پریشانی میں مبتلا ہو چکے ہیں اور اپنے بچوں کے مستقبل کیلئے پریشان ہیں،بیروزگاری اور فراغت کے باعث نوجوان اپنا نشہ پورا کرنے کیلئے چوری ، ڈکیتی جیسے وارداتوں میں ملوث ہو رہے ہیں، پارک انتظامیہ اور سیکورٹی گارڈ مبےنہ طور پر جرائم پیشہ افراد کے ساتھ ملوث ہیں۔اگر پولیس کاروائی کیلئے گلشن اقبال پارک کا رخ کرتی ہے تو جرائم پیشہ افراد کے سہولت کار سکیورٹی گارڈ انکو پہلے ہی اطلاع دیکر بھگا دیتے ہیں،شہریوں نے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنےوالے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ان جرائم پیشہ افراد کےخلاف فوری موثر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔