• news

جون میں کرنٹ اکائونٹ سرپلس، برآمدات میں کمی

کراچی (کامرس رپورٹر) حکومتی اقدامات کے باعث مسلسل چار ماہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس رہا۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کے مطابق جون 2023ء میں کرنٹ اکاؤنٹ 33 کروڑ 40 لاکھ ڈالر سرپلس رہا، مئی 2023ء میں کرنٹ اکاؤنٹ 22 کروڑ ڈالر سرپلس تھا، مالی سال 2023ء میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2 ارب 55 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق مالی سال 2022ء میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 17 ارب 48 کروڑ ڈالر کی بلند سطح پر تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر ضروری درآمدات پر پابندی کی وجہ سے گزشتہ مالی سال کے مقابلے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بنک کے اعداد وشمار کے مطابق مئی 23 کے مقابلے جون 23 میں برآمدات میں 7.10 فیصد کمی ہوئی۔ جون 22 کے مقابلے جون 23 میں برآمدات 19.10 فیصد کمی سے 2ارب 35 کروڑ ڈالر رہی۔ مئی 23 کے مقابلے جون 23 میں درآمدات 2.50 فیصد کمی ہوئی ، جون 22 کے مقابلے جون 23 میں درآمدات 46.3 فیصد کمی سے 4.21 ارب ڈالر رہی۔ مرکزی بنک کے مطابق جون 22 میں 7ارب 85 کروڑ ڈالر مالیت کی درآمدات تھیں۔ جون 22 کے مقابلے جون 23 میں تجارتی خسارہ 62.3 فیصد کمی سے 1ارب 86 کروڑ ڈالر رہا۔ مالی سال 22 کے مقابلے مالی سال 23 میں تجارتی خسارہ 43 فیصد کمی سے 27.59 ارب ڈالر رہا۔ مالی سال 2022ء میں تجارتی خسارہ 48 ارب 35 کروڑ ڈالر تھا۔

ای پیپر-دی نیشن