نئے قوانین: نیب نے سی پیک کے تحت لگے 2 پاور پلانٹس کی انکوائری بند کر دی:ذرائع
اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب) نے قومی خزانے کو سالانہ 175 ارب روپے نقصان پہنچانے والے پاور پلانٹس کی انکوائری بند کر دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے سی پیک کے تحت لگنے والے2 پاور پلانٹس کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ مذکورہ دونوں پاور پلانٹس سے قومی خزانے کو175 ارب روپے نقصان پہنچانے کے الزامات تھے۔ نیب کے نئے قانون کے تحت منصوبوں کے خلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم کول پاور منصوبہ سیف الرحمان اور قطری شہزادے نے چینی کمپنی کے ساتھ مل کر لگایا تھا۔ پورٹ قاسم کول پاور منصوبے سے 60 ارب جبکہ ساہیوال کول پاور منصوبے سے سالانہ 115 ارب روپے قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ نیب نے نئے قانون کے تحت دونوں منصوبوں کی اصل دستاویزات وزارت توانائی کے حوالے کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔