پاکستان ‘ازبکستان، افغانستا ن ریلوے روٹ کو حتمی شکل دیدی گئی
اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)ازبکستان، افغانستان اورپاکستان ریلوے لائن منصوبے کے روٹ کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اور اس مشترکہ معاہدے پردستخط کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی۔تفصیلا ت کے مطابق ریلوے لائن کے اس روٹ کو حتمی شکل اسلام آباد میں تینوں ممالک کے سہ فریقی ورکنگ گروپ کے اجلاس میں دی گئی۔اس منصوبے کامقصد ازبکستان ریلوے کو پاکستان ریلوے کے ساتھ براستہ ترمز۔مزارشریف، لوگر، خرلاچی روٹ سے جوڑ کرایک نامکمل رابطے کی تکمیل کرناہے۔اس ریل منصوبے سے نہ صرف تینوں ممالک کے درمیان علاقائی، راہداری اوردوطرفہ تجارت میں سہولت ملے گی بلکہ اس کے ذریعے پورے خطے میں عوامی روابط کوبھی فروغ حاصل ہوگا۔یہ ریلوے لائن مسافروں کی آمدورفت اورمال برداری میں سہولت فراہم کرے گی اوراس سے علاقائی تجارت اوراقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔