پنجاب میں پلاسٹک روڈ متعارف کرانے کا فیصلہ، محسن نقوی نے پلان طلب کرلیا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب میں پلاسٹک روڈ متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے اور محسن نقوی نے پلاسٹک روڈ کی تعمیر کیلئے پلان طلب کر لیا ہے۔ پلاسٹک روڈ تارکول روڈ کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہوتی ہے۔ تارکول میں پلاسٹک مکس کر کے بنائی جانے والی سڑک جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوتی۔ نگران وزیراعلیٰ نے روڈز پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ پنجاب بھر میں 2600 کلو میٹر طویل سڑکوں کے بحالی کے 137منصوبے زیر تکمیل ہیں اور سڑکوں کی تعمیر کے تمام پراجیکٹ کے کنٹریکٹ ای۔ ٹینڈرنگ کے ذریعے دیئے جارہے ہیں۔ محسن نقوی نے بین الاضلاعی سڑکوں کی تعمیر کے 107منصوبے تین ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف دیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے سابق وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری کے بیٹے کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کی ایمرجنسی کو ری ڈیزائن کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مریض کو مختصر وقت میں کم سے کم نقل و حرکت کرنا پڑے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دل کے مریض کے فوری علاج کے لئے پائیدار اور قابل عمل سسٹم وضع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محسن نقوی نے مظفر گڑھ کے علاقے تھرمل کالونی سے 3 بچیوں کی لاشیں برآمد ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ محسن نقوی نے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔