قومی اسمبلی تحلیل، تاریخ طے نہیں ہوئی: پنجاب میں تنخواہ، پنشن میں اضافہ وفاق کے برابر کرنے کی ہدایت کردی: مریم اورنگزیب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی تحلیل کی تاریخ کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے تاریخ کا فیصلہ ہو گا۔ قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کے فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن وفاق کے برابر کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے یہ ہدایت دی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے تنخواہوں کے معاملے کو دوبارہ کابینہ میں لے جانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ خیال رہے کہ خبر سامنے آئی تھی کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی کی مدت پوری ہونے سے قبل 8 اگست کو توڑنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی توڑنے کے لئے 9 اور 10 اگست پر بھی غور کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست رات 12 بجے تک ہے۔ اسمبلی مدت سے قبل تحلیل ہونے پر عام انتخابات کرانے کے لئے نگران سیٹ اپ 90 دن کے لئے آئے گا۔ پنجاب میں سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد حکومت نے ملازمین کی بنیادی تنخواہ میں 30 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تنخواہوں کی مد میں دیا جانے والا اضافہ ایڈہاک ریلیف ہو گا جس کا اطلاق یکم جولائی سے ہو گا۔