• news

محرم کا چاند نظر نہیں آیا‘یوم عاشور 29 جولائی ہفتہ ہوگا‘سعودی عرب میں نیا اسلامی سال شروع‘ غلاف کعبہ تبدیل

لاہور ( خصوصی نامہ نگار)  ماہ محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کی زیر صدارت مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا‘ اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئے‘ مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے اعلان کرتے ہوئے کہا پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع صاف رہا اور کچھ مقامات پر مطلع ابر آلودبھی رہا، کسی مقام سے ماہ محرم الحرام کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی،پورے ملک میں عدم رویت رہی اور چاند نظر نہیں آیا لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا یکم محرم الحرام۵۴۴۱?ھ بروزجمعرات کو ہوگی اوریوم عاشور10محرم الحرام29جولائی بروزہفتہ کو ہو گا۔ مولاناسید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا محرم الحرام میں قیام امن،اتحاد بین المسلمین و بین المسالک ہم آہنگی اور پیغام پاکستان کے فروغ کو زیادہ سے زیادہ عام کیا جائے، پیغام پاکستان،پاکستان کا وہ ضابطہ اخلاق ہے جس کو عام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام‘ ترقی وخوشحالی،اتحادووحدت،مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور ڑوب میں افواج پاکستان کے جو جوان شہید ہوئے ان کے درجات کی بلند ی ومغفرت کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نئے اسلامی سال کے آغاز میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی گئی۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی نماز عشاء کے بعد شروع کی گئی۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی کا عمل قریباً 4 گھنٹوں میں مکمل ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن