امریکی نائب وزیر خزانہ ، سفیر کی ملاقات: آئی ایم ایف معاہدے پر شکریہ، عمل کرینگے: اسحاق ڈار
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) امریکی محکمہ خزانہ کے ڈپٹی انڈر سیکرٹری برینٹ نیمن نے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کے ہمراہ وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اسحاق ڈار نے امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی اور دیگر شعبہ جات میں پائیدار دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے اختتام پر امریکی انتظامیہ اور امریکی محکمہ خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خزانہ نے معیشت کو استحکام سے ترقی کی جانب گامزن کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائی گئی معاشی پالیسیوں اور پروگراموں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے امریکی وفد کو آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بارے میں بتایا کیا اور سٹینڈ بائی ارینجمینٹ معاہدہ پر عمل کا عزم ظاہر کیا۔ برینٹ نیمن نے مالیاتی اور مالیاتی پالیسی میں بروقت اصلاحات کے نفاذ کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کو مثبت اقتصادی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے ان اقدامات اور پالیسیوں کے تسلسل پر مزید زور دیا۔ برینٹ نیمن نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ پاکستان امریکہ کے عالمی تعلقات کا اہم شراکت دار رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی برآمدات کی صلاحیت کو بھی سراہا اور امریکہ کی پاکستان کے ساتھ تجارت اور مالیات کے حوالے سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈارنے کہا کہ ہمارے کرنٹ اکاؤنٹ کے نمبرز فائنل ہوگئے۔ مارچ، اپریل، مئی اور جون میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 334ملین ڈالرز رہا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 85فیصد سے زائد کی کمی ہوئی، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2ارب 56کروڑ ڈالرز رہ گیا، یہ گزشتہ سال کا 14.65فیصد حصہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی مینجمنٹ کے تحت ملک ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا۔ بیرونی ادائیگیاں وقت پر کی جارہی ہیں۔ اس مینجمنٹ پر وزیراعظم ،معاشی ٹیم اور سٹیٹ بنک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔