پاکستانی ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل 19ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی
لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم24۔2023 ء کے سیزن میں نیوزی لینڈ کیخلاف دس اضافی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی،یہ اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد پاکستانی ٹیم کو 2024 ء کے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل تیاری کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے۔پاکستانی ٹیم آسٹریلیا میں 14 دسمبر سے 7 جنوری تک آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تین میچ کھیلنے کے بعد نیوزی لینڈ پہنچے گی جہاں وہ پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی جو دراصل ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے اس کی تیاریوں کا آغاز ہوگا۔ یہ پانچ میچز12 سے21 جنوری تک کھیلے جائیں گے۔ 12 جنوری کوپہلا ٹی ٹونٹی آکلینڈ میں کھیلا جائیگا ،14 جنوری کووسرا ٹی ٹوئٹی ہیملٹن،17 جنوری کوتیسرا ٹی ٹونٹی ڈنیڈن،19 جنوری کوچوتھا ٹی ٹونٹی کرائسٹ چرچ اور 21 جنوری کوپانچواں ٹی ٹونٹی کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائیگا ۔پاکستان ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اپریل 2024ء میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ پانچ ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔ تفصیلات دورہ قریب آنے کے وقت جاری کی جائیں گی۔ان دس اضافی ٹی ٹونٹی میچوں کا مطلب یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی ٹیم 19 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی جن میں دس نیوزی لینڈ کیخلاف تین ہالینڈ کیخلاف دو آئرلینڈ کیخلاف اور چار انگلینڈ کیخلاف ہونگے۔ 19 ٹی ٹونٹی میچوں کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ فروری مارچ 2024ء میں پاکستان سپر لیگ کی میزبانی بھی کریگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان اضافی ٹی ٹونٹی میچوں کو شیڈول کرنے کیلئے نیوزی لینڈ کرکٹ اور ویسٹ انڈیز کرکٹ سے مشاورت کے بعد اپنے فیوچر ٹور پروگرام 2025۔2023 ء میں معمولی ردو بدل کیا ہے۔