• news

پرویزالہی اڈیالہ جیل منتقل ، 30 روزہ نظر بندی عدالت میں چیلنج


لاہور (خبر نگار) تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا، جب کہ سابق وزیراعلیٰ کی نظربندی کو عدالت میں چیلنج کیا گیا ہے۔ جیل حکام کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کو صبح 5 بجے کیمپ جیل سے نکالا گیا اور بذریعہ موٹر وے اڈیالہ جیل پہنچایا گیا ہے۔ پرویز الٰہی کو 3 ایم پی او کے تحت نظربند کیاگیا اور ان کی نظر بندی کے احکامات ڈپٹی کمشنر لاہور نے جاری کیے جو 30 روز کے لیے ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق پرویز الٰہی کا کیس ہائی پروفائل ہونے کی وجہ سے انہیں حکومت کی منظوری سے منتقل کیا گیا ہے۔ ان کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ کیا گیا جب کہ ان کی جیل میں کلاس کے حوالے سے فیصلہ ہونا باقی ہے۔ دوسری جانب پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے شوہر کی نظر بندی پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا اور اس حوالے سے دائر درخواست میں انہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جیل خانہ جات کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پرویزالٰہی کو عدالت میں طلب کر کے انہیں آزاد کیا جائے اور درخواست پر حتمی فیصلے تک انہیں کسی اور مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت بغیر کارروائی 12 اگست تک ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔
پرویز الٰہی

ای پیپر-دی نیشن