• news

دنیا کیساتھ اچھے تعلقات کیلئے اہم فیصلے ضروری ، بلاول 

 اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ اوورسیز پاکستانیوں کی بہتری اور سکیورٹی کیلئے اہم کردار ادا کیا اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کیلیے اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔ انتظامی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس میں وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کیلیے اہم فیصلے ضروری ہیں، دنیا کے ساتھ برابری کی سطح پر اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ڈبلومیٹک سروس کے اصول و ضوابط پر پوری طرح عملدرآمد کیلئے ضروری ہے۔ کسی بھی گلوبل چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمیں ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔ وزارت خارجہ کے افسران ملکی مفاد کیلیے اچھا کردار ادا کرسکتے ہیں، دنیا بھر میں موجود پاکستانی مشنز ملک کیلیے اہم کردار ادا کررہے ہیں، غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے پالیسی میں نرمی کررہے ہیں۔ پاکستان کی خارجہ پالیسی بہت واضح ہے، ہم ہر ملک سے برابری کی سطح پر برادرانہ تعلقات کے خواہش مند ہیں۔ کوپ 27 کانفرنس، نقصان اور ازالہ فنڈز، ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے میں وزارت خارجہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزارت خارجہ اوورسیز پاکستانیوں کی بہتری اور سیکیورٹی کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے جس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وزارت خارجہ کے افسروں پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، ٹیم ورک سے کوئی بھی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ ہمارے پاس ملازمین کیلئے اچھی خبریں بھی ہیں، وزارت خارجہ کے ملازمین بشمول سیکیورٹی گارڈز اور ڈرائیورز کو جدید ٹریننگ دی جائے گی تاکہ وہ آئی ٹی میں مہارت حاصل کرسکیں، پچاس فیصد ٹریننگ کا ہدف حاصل کرلیا باقی آئندہ چار ماہ میں ہوجائے گا، بیرون ملک میں مقیم وزارت خارجہ کے ملازمین بھی ٹریننگ کا حصہ بنیں گے۔ چین کی مدد سے وزارت خارجہ کو سولر پینل پر منتقل کررہے ہیں۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پولیو کے خاتمے کے عالمی اقدام (جی پی ای آئی) کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عزم کا یقین دلایا۔

ای پیپر-دی نیشن