سیاسی جماعتیں گوشوارے 29اگست تک جمع کرائیں، الیکشن کمشن: کمشن غلط ووٹوں کا مسئلہ حل کرے، قائمہ کمیٹی
اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 204 اور 210 اور الیکشن رولز 2017 کے قاعدہ 159 اور 160 کے تحت یاد دہانی کرائی ہے کہ انہیں جون 2023 میں ختم ہونے والے مالی سال 2022-23 کے لیے اپنے اکاؤنٹس کے مربوط گوشوارے الیکشن کمیشن میں 29 اگست 2023 یا اس سے پہلے جمع کروانے ہوں گے۔ الیکشن ایکٹ2017 کی دفعہ 210 کے مطابق کوئی بھی سیاسی جماعت مالی سال کے اختتام کے ساٹھ دن کے اندر کمیشن کو اپنے گوشوارے فارم۔ڈی پر چارٹر ڈ اکاؤنٹنٹ کے ذریعے سالانہ آمدنی اور اخراجات؛فنڈنگ کے ذرائع؛اوراثاثے اور واجبات پیش کرے گی۔الیکشن کمیشن کو پیش کی جانے والی تفصیلات سیاسی جماعت کی آڈٹ رپورٹ جو چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی طرف سے جاری کی گئی ہو، اور پارٹی سربراہ کی جانب سے مجاز عہدیدار سے دستخط شدہ ہو، گوشواروں کی منسلک کی گئی تفصیلات رپورٹ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کی طرف سے آڈٹ شدہ ہے کی تصدیق ہو نا ضروری ہے ۔گوشواروں کی تفصیلات الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق فارم۔ڈی پر جمع کرائی جائیں گی۔ فنڈز کے ذرائع کے لیے فارم۔ڈی پرفارما بھی ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ فارم میں اوور رائیٹنگ قابلِ قبول نہیں۔ قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا محمد ابوبکر کی زیر صدارت اجلاس ہوا چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ایک ہی گھر کے افراد کے ووٹ مختلف پتوں پر درج ہیں الیکشن کمشن نادرا سے ملکر ووٹوں کے غلط اندراج کا مسئلہ حل کرے سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ووٹرلسٹوں میں ردوبدل کیلئے جمعرات تک کا وقت ہے ووٹر لسٹوں میں درستی کیلئے پہلے آخری تاریخ 13 جولائی تھی جس میں 20 جولائی تک توسیع کی گئی ظفر اقبال نے کہا کہ الیکشن کمشن کے پاس اب ووٹر فیہرستوں میں تبدیل کیلئے زیادہ وقت نہیں ہے سپیشل سیکرٹری الیکشن کمشن نے کہا کہ ووٹوں کی درستی کیلئے ملک بھر میں مراکز قائم کریں ۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہر شہری الیکشن کمیشن کے مراکز تک نہیں پہنچ سکتا اس الیکشن میں ووٹر لسٹوں کا مسئلہ گھمبیر ہوگا سپیشل سیکرٹری ای سی نے بتایا کہ کچھ عرصہ بعد نئی فہرست اپ ڈیٹ ہوتی ہے جس پر تاریخ درج ہوتی ہے انتخابی عملے والی فہرستوں میں شناختی کارڈ نمبر، خواتین کی تصاویر ہوتی ہیں اکبر چترالی نے سوال کیا کہ کیا الیکشن 2017ء کی مردم شماری کے مطابق ہوں گے ڈی جی الہور الیکشن کمیشن نے بتایا کہ گزشتہ الیکشن میں پرانی مردم شماری پر انتخابات کی عارضی اجازت دی تھی مردم شماری کے آفیشل نتائج کی اشاعت کے بعد دوبارہ حلقہ بندی کی کمیٹی چیئرمین نے کہا کہ 25 ارب روپے ڈیجیٹل مردم شماری پر خرچ کر دیئے۔ ہم آئی ایم ایف سے پیسے مانگ رہے ہیں ڈی جی ای سی نے بتایا کہ نئی ڈیجیٹل مردم شماری کے نتائج تاحال شائع نہیں ہوئے نئی مردم شماری کے نتائج کے بعد حلقہ بندیاں دوبارہ ہوں گی نتائج شائع نہ ہوئے تو انتخابات سابق مردم شماری اور حلقہ بندیوں پر ہوں گے قائمہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو امیدواروں سے بیان حلفی نہ لینے کی سفارش کر دی قائمہ کمیٹی نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017ء میں بیان حلفی کا کوئی ذکر نہیں الیکشن کمشن نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے فیصلے میں بیان حلفی کو لازمی قرار دیا تھا کمیٹی نے ہدایت کی کہ الیکشن کمشن ایکٹ پر چلیں سپریم کورٹ کا فیصلہ قانون سے اوپر ہیں۔