• news

مہنگی بجلی ، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ زندگی عذاب بن گئی:ضیاءالدین انصاری 

لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کے بعد بجلی کے نئے سنگل فیس کنکشن کی فیس میں 34 سو روپے کا ظالمانہ اضافے کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مہنگی بجلی اوراضافی بلوں کے باجود شہری بجلی کی بلاتعطل فراہمی سے محروم ہیں۔ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کی زندگی عذاب بن چکی ہے۔ ہر دوسرے دن بعد بجلی، گیس اور دیگر اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ غریب پر قیامت بن کر ٹوٹتا ہے۔شہر لاہور میں بارش کے بعد سینکڑوں فیڈر ٹرپ ہونے سے شہر کے کئی علاقے بجلی سے محروم انتظامیہ اور لیسکو کی نااہلی پر سرپااحتجاج ہیں۔ کلین لاہور کی دعویدار انتظامیہ اور ادارے بارش کے بعد گلی، محلوں او ربازاروں کی حالت زار دیکھیں جو گٹر بند ہونے کی وجہ سے ندی نالوں کا منظر پیش کررہے ہیں۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت گلی، محلوں اور گھروں سے پانی نکلانے پر مجبور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں حلقہ لاہو رکے تمام ذمہ داران اور عہدیداران کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ، نائب امراءلاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، ملک شاہد اسلم،حاجی ریاض الحسن، احمد جمیل راشد، ڈپٹی سیکرٹریز عامر نثار خان، وسیم اسلم قریشی، جبران بٹ، امراءاضلاع و سیکرٹریز نے شرکت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن