• news

سیاسی استحکام کےلئے آئینی مدت کے اندر صاف شفاف انتخابات ناگزیر :لیاقت بلوچ


لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیاسی انتخابی مشاورتی اجلاس اور ملتان (جنوبی پنجاب) کے امیر راو¿ محمد ظفر سے ملاقات میں کہا کہ سیاسی استحکام کےلئے آئینی مدت کے اندر صاف شفاف انتخابات ناگزیر ہیں۔ قومی اور دیگر اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابی التواءکیلئے پنجاب اور کے پی کے کی طرح حربے استعمال کیے گئے تو بڑا سیاسی بحران جنم لے گا اور پورے ملک میں جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد شروع ہوگی۔ حالات کی سنگینی، اقتصادی بحرانوں کا علاج قومی وحدت اور اندرونی استحکام ہے۔ سیاست میں تلخیوں کا خوفناک انجام سب نے دیکھ لیا۔ حکمت، تدبر، برداشت اور جمہوری رویے ہی سماج میں اطمینان اور استحکام کے اسباب پیدا کرتے ہیں۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جنوبی، شمالی، وسطی پنجاب، خیبرپی کے میں جماعت اسلامی کے انتخابات 2023ءکنونشنز بہت کامیاب رہے۔ قومی، صوبائی اسمبلی امیدواران میدانِ انتخاب میں چل پڑے ہیں۔ 22 جولائی کوئٹہ میں امن جرگہ، 23 جولائی کوئٹہ میں بلوچستان انتخابات 2023ءکنونشن منعقد ہوگا۔ ماہِ جولائی میں ہی سندھ اپر اور کراچی کے انتخابی کنونشنز منعقد ہوں گے۔ ملک کو جماعت اسلامی ہی بحرانوں سے نکال سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن